پٹنہ ،14؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بہارمیں جہان آباد اسمبلی حلقہ سے اصل اپوزیشن پارٹی راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی )کے امیدوار کمارکرشن موہن عرف سودے یادو اور بھبھوا اسمبلی سیٹ سے حکمراں بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )امیدوار رنکی رانی منتخب قراردی گئی ہیں ۔
ادھر ارریہ لوک سبھا سیٹ پر بھی آر جے ڈی کے امیدوار جیت گئے ہیں ۔ سرفراز عالم نے اپنے حریف کو 57358 ووٹوں کے بڑے فرق سے ہرادیا ہے۔ ارریہ لوک سبھا سیٹ کے لئے کُل سات اُمیدور چنائو میدان میں اپنی قسمت آزما رہے تھے۔ اس میدان میں راشٹریا جنتادل (آر جے ڈی) قد آور لیڈر محمد تسلیم الدین کے فرزند سرفراز عالم اور بھاجپا لیڈر پردیپ سنگھ کے درمیان سیدھی ٹکر تھی۔ مگر سرفراز عالم نے جیت درج کی۔
ریاستی انتخابی دفتر کے مطابق آرجے ڈی کے سودے یادو نے جنتادل یو کے ابھیرام شرما کو 35036ووٹوں کے فرق سے شکست دی ۔آر جے ڈی نے اس سیٹ پر اپنا قبضہ برقراررکھاہے ۔وہیں بھبھوا سے بی جے پی کی رنکی رانی پانڈے نے کانگریس کے شنبھو پٹیل کو تقریبا16ہزار ووٹوں سے ہرایا۔اس سیٹ پر بی جے پی نے اپنا قبضہ برقراررکھا ہے ۔
واضح رہے کہ مسٹر یادو کے والد مندریکا سنگھ یادو کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی جہان آباد سیٹ اور محترمہ پانڈے کے شوہر آنند بھوشن پانڈے کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی بھبھواسیٹ کے لئے 11مارچ کو ضمنی انتخاب کرائے گئے تھے ۔